نئی دہلی4اکتوبر(ایس انیوز ؍آئی این ایس انڈیا)یوپی ایس سی کے پرلمس امتحان کو لے کر معاملہ پھر سے سپریم کورٹ پہنچ گیاہے۔کچھ طلبہ نے امتحان میں 4 سوالات کوغلط بتاتے ہوئے سپریم کورٹ میں عرضی دائرکی ہے۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ ان سوالات کے بدلے میں پورے نمبر تمام امیدواروں کو دیے جائیں اور میرٹ لسٹ کو نئے سرے سے تیارکیاجاناچاہیے۔یوپی ایس سی کے سول سروسزکا اہم امتحان اکتوبر میں ہونے والا ہے۔سپریم کورٹ میں دائر درخواست میں کہا گیا ہے کہ سول سروسز ایگزام کا پرلمس امتحان 18 جون کو ہواتھا اوراس امتحان میں 4 سوال ایسے تھے جو واضح نہیں تھے۔یہ سوال ایسے تھے جس ایک سے زیادہ جوابات تھے یا پھر کوئی واضح جواب نہیں تھا۔درخواست گزار نے کہا ہے کہ بہت سے طلبہ ایسے ہیں جو آخری بار امتحان میں بیٹھیں گے۔ ایسے میں4 مبہم سوالات کی وجہ سے وہ حق سے محروم رہ جائیں گے۔ اس صورت میں اکتوبر میں اہم امتحان ہونا ہے اور اس کے لیے میرٹ لسٹ تیارکی جاچکی ہے۔